کراچی :ریموٹ کنٹرول حملے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت 3 اہلکار شہید، کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

جمعرات 9 جنوری 2014 23:03

کراچی :ریموٹ کنٹرول حملے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت 3 اہلکار ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2014ء) کراچی میں عیسیٰ نگری کے قریب لیاری ایکسپریس وے پرپولیس کے قافلے پر حملہ کیا گیاجس میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت تین پولیس اہل کار شہید ہوگئے۔ کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ شام تقریباًساڑھے 4بجے کراچی کاگنجان آباد اور مصروف علاقہ گلشن اقبال اور اس کے قریبی حصے خوف ناک دھماکے سے لرز اٹھے، نشانہ تھے سی آئی ڈی پولیس کے افسر چوہدر ی اسلم۔

ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی اقبال محمود نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ چوہدر ی اسلم اپنے کانوائے کے ساتھ لیاری ایکسپریس وے پرجب عیسیٰ نگری کے قریب پہنچے تو ان کی گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا، دھماکے سے ان کے قافلے میں پولیس کی تین موبائلیں اور ان کی بلٹ پروف گاڑی مکمل تباہ ہوگئی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیزمواد سے بھرا نیلے رنگ کے پلاسٹک کا ڈرم رکھا گیا تھا جس کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا۔

(جاری ہے)

دھماکے کی جگہ پرپانچ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ روڈ میں دراڑیں پڑ گئیں ۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ سڑک کو تقسیم کرنے والے کنکریٹ بلاک جڑ سے اکھڑ گئے اور چوہدری اسلم کی گاڑی 20میٹر دور جاگری۔ پولیس حکام نے بتایا کہ حملے میں چوہدری اسلم کے ساتھ پولیس اہل کار فرحان جونیجو اور محمدکامران بھی شہید ہوگئے جبکہ 11اہلکار شدیدزخمی ہوئے جو نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے پولیس سرجن ڈاکٹر جلیل قادرکے مطابق چوہدری اسلم کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، حملے میں ان کا سر،سینہ اور ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئیں۔