پی آئی اے کے بعد پاکستان اسٹیل ملز سمیت مزید 5 قومی اداروں کی نج کاری کا فیصلہ

جمعرات 9 جنوری 2014 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2014ء) پرائیویٹائزیشن کمیشن نے پی آئی اے، الیکٹریکل کمپلیکس اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ کے بعد پاکستان اسٹیل ملزسمیت مزید 5 قومی اداروں کی نج کاری کی منظوری دے دی ہے۔ اسلام آباد میں نج کاری کمیشن کے چیرمین محمد زبیر کی صدارت اجلاس کے دوسرے روز مختلف اداروں کے حصص کی فروخت پر غور کیا گیا جس کے بعد کمیشن نے پاکستان اسٹیل ملز، آئیسکو اور فیسکو کے کم از کم 51 فیصد جبکہ او جی ڈی سی ایل اور یوبی ایل کے 10 فیصد حصص فروخت کرنے کی منظوری دی، اس موقع پر ان اداروں کی نج کاری کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی وعدوں کے مطابق مالیاتی مشیر مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو نج کاری کے عمل کے لئے حکومت کی مشاورت کریں گے، کمیشن کے ارکان نے پاکستان ریلویز کے مختلف امور میں بہتری لانے کے لئے مشیر مقرر کرنے کی منظوری دی ۔

(جاری ہے)

نج کاری کمیشن نے گزشتہ روز پی آئی اے کے 26 فیصد حصص جبکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ کے 51 فیصد حصص کی فروخت کی منظوری دی تھی، ان فیصلوں کو اب حتمی منظوری کے لیے کابینہ کی نج کاری کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اسٹیلز ملز کو 2006 میں اس وقت کی حکومت نے بین الاقومی کنسورشیم کو فروخت کیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قراردے دیا تھا۔