کراچی میں عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب خودکش دھماکہ، ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت 4 اہلکار جاں بحق،چوہدری اسلم بہادر افسر تھے، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، وزیراعظم نواز شریف

جمعرات 9 جنوری 2014 17:22

کراچی میں عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب خودکش دھماکہ، ایس پی سی آئی ڈی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2014ء) کراچی میں عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب دھماکے سے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے، تحریک طالبان مہمند ایجنسی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی گاڑی عیسیٰ نگری کے قریب ایکسپریس ہائی وے سے گزر رہی تھی کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ان کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق اور چوہدری اسلم شدید زخمی ہو گئے جو ہسپتال لے جاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔

ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی اقبال محمود نے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے اور بتایا ہے کہ چوہدری اسلم سمیت ان کے سکواڈ میں شامل 3 پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

دھماکے کے نتیجے میں 2 گاڑیاں اور ایک پولیس موبائل مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور چوہدری اسلم کی گاڑی میں آگ لگ گئی جبکہ ایکسپریس ہائی وے پر دھماکے کی جگہ دراڑیں پڑ گئیں۔

دنیا نیوز کے مطابق تحریک طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے اور کہا ہے کہ اس سے قبل بھی ان پر خودکش حملے اور ریموٹ کنٹرول دھماکے کئے گئے تاہم وہ محفوظ رہے۔ چوہدری اسلم کے علاوہ دوسرے آفیسرز جو طالبان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں ان کے ٹارگٹ پر ہیں اور ان کے خلاف کارروائیاں کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور چوہدری اسلم کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بہادر افسر تھے، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی