محکمہ انسانی حقوق کے علاقائی دفاتر کو مزیدفعال بنایا جائے، نادیہ گبول

جمعرات 9 جنوری 2014 16:53

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی کوآرڈنیٹر برائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے متعلقہ افسران کوہدایت دی ہے کہ محکمہ انسانی حقوق کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایاجائے اور محکمہ پولیس ‘ ترقی نسواں ‘ سماجی بہبوداور اقلیتی امور کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرکے ایک مربوط حکمت عملی بنائی جائے تاکہ شہریوں بالخصوص خواتین ‘ بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈائریکٹوریٹ ہیومن رائٹس میں محکمہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور جنونیت کی وجہ سے معاشرے میں انسانی حقوق کے پامالی کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے جبکہ گلشن معمار میں 6افراد کا بہیمانہ قتل ‘ اجتماعی زیادتی کے واقعات افسوسناک ہیں اس ضمن میں پولیس کے ساتھ مل کر اس قسم کے واقعات کو روکنے کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

صوبائی کوآرڈنیٹر نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے لیکن مذہب کی بنیاد پر قبروں سے لاشیں نکالنے کے واقعات قابل مذمت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق کے سکھر ‘ حیدرآباد ‘ لاڑکانہ سمیت دیگر علاقائی دفاتر کو فعال بنایا جائے اور انسانی حقوق کی آگاہی سے متعلق سیمینار اور ورکشاپ منعقد کئے جائیں تاکہ مہذب معاشرے کے قیام کو یقینی بنایا جائے ۔ نادیہ گبول نے کہا کہ خواتین بچوں اور اقلیتوں کو حقوق کی فراہمی میں غیر سرکاری تنظیمیں موثر ثابت ہوسکتی ہیں لہذاان سے کوآرڈینیشن کو مضبوط کیا جائے ۔