مسلمان انصاف، مساوات اور بھائی چارے کی بالادستی کیلئے نبی آخرزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں،سردار محمد یوسف

جمعرات 9 جنوری 2014 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مسلمان انصاف، مساوات اور بھائی چارے کی بالادستی کیلئے نبی آخرزمان ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور ریڈیو پاکستان کے زیڈ اے بخاری آڈیٹوریم میں کل پاکستان نعت خوانی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کا پیغام انصاف اور برابری پر مبنی ہے جس نے غلام اور کمزوز طبقات کو معاشرے میں برابر کے حقوق دیئے۔ اسلام کے آفاقی پیغام کی بدولت حضورﷺ نے صرف 23 سال کے عرصے میں عرب کے غیر مہذب معاشرے میں انقلاب برپا کرکے ایک نئی تہذیب کی بنیاد رکھ دی۔ گزشتہ 30سالوں سے مسلسل کل پاکستان مقابلہ نعت خوانی کا اہتمام کرنے پر ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کی خدمات کو سراہتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی فضا درود وسلام سے گونج اٹھی ہے۔

(جاری ہے)

یہ مہینہ انسانیت کو ان لمحات کی یاد دلاتا ہے جب اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی نجات کیلئے حضرت محمدﷺ کو مبعوث فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ مقابلے میں شریک بچے اور بچیاں مستقبل کا قیمتی سرمایہ ہے اور وہ نبی آخرزمانﷺ کے حضور اسی طرح نعت کا گلہائے عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل ثمینہ پرویز نے کہا کہ مسلمان اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی آج کی دنیا میں کامیاب ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے اقلیتوں کے حقوق پر خصوصی زور دیا۔

آج دنیا بھر کے قانون دان اسلام کے آفاقی اصولوں اور اس میں دیئے گئے حقوق کے معترف ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان اپنے پروگراموں میں بین المذہب ہم آہنگی اور انسانیت کی فلاح پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔بعد ازاں میں وفاقی مذہبی امور نے مقابلہ جیتنے اور مقابلے میں حصہ لینے والے نعت خوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔پندرہ سال سے کم عمر نعت خوانی کے لڑکوں کے مقابلے میں اْسید عالم نے پہلی ، سجاول سلیم نے دوسری اور ذیشان احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پندرہ سال سے کم لڑکیوں میں یشفین اجمل نے پہلا، میمونہ ساجد نے دوسرا اور بشرہ زینب نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ پندرہ اور پچیس سال کے درمیان نعت خوانی کے لڑکیوں کے مقابلے میں اقصیٰ کاظمی نے پہلی، سدرہ رمضان نے دوسری اور ماہ نور نواز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں کوپندرہ ہزار روپے، قرآن پاک اور سیرت پاک کاسیٹ پیش کیا گیا۔

سید عبدالرحمن فاؤنڈیشن کی جانب سے اول انعام حاصل کرنے والوں کو طلائی تمغات بھی دیئے گئے۔ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں کو بارہ ہزار روپے ، قرآن پاک اور سیرت پاک کا سیٹ پیش کیا گیا۔ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں کو دس ہزار روپے ، قرآن پاک اور سیرت پاک کا سیٹ پیش کیا گیا۔نعت خوانی مقابلے میں حصہ لینے والے تمام نعت خوانوں کو آٹھ ہزار روپے، قرآن پاک اور سیرت پاک کا سیٹ دیاگیا۔واضح رہے کہ صوبائی اور اسلا م آباد ، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کی سطح پر ہونے والے نعت خوانی میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں نے اس مقابلے میں حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :