سپریم کورٹ کاکنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار ، حتمی تاریخ دینے کا حکم

جمعرات 9 جنوری 2014 16:50

سپریم کورٹ کاکنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے حوالے سے حکومتی اقدامات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات کیلئے حتمی تاریخ دینے کا حکم دیدیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے کہا کہ اس وقت حکومت انتخابات کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتی، جسٹس خلجی عارف نے کہا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو اب تک یہ بل پارلیمنٹ سے منظور ہوچکا ہوتا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ کنٹونمنٹ ایریاز کے قوانین میں ترامیم کا بل پارلیمنٹ میں بھیج دیا ہے، بل آئندہ سیشن میں پاس ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت چاہے تو آرڈیننس بھی لا سکتی ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ کل کہیں گے عوامی نمائندگی کا قانون تبدیل کر رہے ہیں تو کیاعام الیکشن بھی دس سال کیلئے ملتوی کر دیں گے، آپ صرف یہ بتائیں آئندہ عام انتخابات سے پہلے کنٹونمنٹ ایریاز میں انتخابات ہو جائیں گے یا نہیں۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا کہ ہرچیز الیکشن کمیشن پر مت ڈالیں چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ عدالت کنٹونمنٹ انتخابات کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن نہیں، آئندہ سماعت پر حتمی تاریخ دی جائے، کیس کی سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :