کوئی فیصلہ 2014 کے عالمی کپ کے بعد اور طویل مشاورت کے بعد ہی ہوگا ، فیفا نے اپنے ہی جنرل سیکرٹری کا بیان مسترد کردیا

جمعرات 9 جنوری 2014 16:08

زیورخ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے ہی جنرل سیکرٹری کے اس دعوے کو غلط قرار دے دیا ہے کہ قطر میں ہونے والا 2022 کا عالمی فٹ بال کپ موسمِ گرما میں نہیں ہوگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی فٹبال کی نگراں تنظیم نے اصرار کیا کہ اس سلسلے میں کوئی فیصلہ 2014 کے عالمی کپ کے بعد اور طویل مشاورت کے بعد ہی ہوگا۔

فیفل کے جنرل سیکرٹری جروم ویلک نے ریڈیو فرانس سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2022 کے عالمی کپ کی تاریخیں جون یا جولائی کے مہینے میں نہیں ہوں گی انہوں نے کہا تھا کہ ممکن ہے یہ کپ 15 نومبر سے 15 جنوری کے درمیان ہو۔فیفا کے صدر سیپ بلیٹر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ ٹونامنٹ نومبر یا دسمبر میں ہوگا جبکہ قطر میں منتظمین ابھی بھی پرامید ہیں کہ وہ ٹونامنٹ کی میزبانی جون یا جولائی کے مہینوں میں کر پائیں گے۔

(جاری ہے)

جروم ویلک کے بیان کے بعد فیفا کے ایک ترجمان نے فوری طور پر کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ترجمان نے کہا کہ ٹونامنٹ کی تاریخیں ابھی زیرِ غور ہیں جس میں ٹونامنٹ کے حوالے سے تمام اہم عناصر جن میں تمام فیفا کے ممبر کلب، لیگز، کھلاڑی اور فیفا کے تجارتی شراکت دار، سب کی رائے شامل کی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ مشاورت کے عمل کو جلد بازی سے نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فیفا کی ایکزیکٹوو کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق اس سلسلے میں حتمی فیصلہ 2014 کے عالمی کپ کے بعد ہی کیا جائے گا۔قطر 2022 کے منتظمین کے مطابق وہ عالمی کپ کی میزبانی کے لیے تیار ہوں گے چاہے مشاوراتی عمل کا جو بھی نتیجہ نکلے۔