پی سی بی دنیا کی دوسری بڑی ٹیموں کی طرح فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ کیلئے علیحدہ علیحدہ کوچز مقرر کرے ، نوید الحسن

جمعرات 9 جنوری 2014 16:05

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر رانا نوید الحسن نے کہا ہے کہ پی سی بی دنیا کی دوسری بڑی ٹیموں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی طرح فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ کیلئے علیحدہ علیحدہ کوچز مقرر کرے ، کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی ،کوئی فرق نہیں پڑتا ، بلے بازوں کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے ہمیں ماہر کوچ کی ضرورت ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کوچ مقامی ہو یا غیر ملکی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا تاہم میرے خیال میں علیحدہ علیحدہ کوچز کی خدمات سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے بھی علیحدہ علیحدہ کوچز کی تقرری کر رکھی ہے اور اسی وجہ سے ان ٹیموں کی کارکردگی دوسری ٹیموں کے مقابلے میں بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ تشویش کا باعث ہے اور بلے بازوں کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے ہمیں ماہر کوچ کی ضرورت ہے، ہمارے پاس انضمام الحق، جاوید میانداد اور ظہیر عباس جیسے تجربہ کار سابق کرکٹرز موجود ہیں اور اگر ان کی خدمات حاصل کی جائیں تو اس سے بلے بازوں کو فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور شعیب ملک کے بعد ابھی تک ہمیں اچھا آل راؤنڈر نہیں ملا اسلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز کو چاہیے کہ وہ ملک بھر سے با صلاحیت اور تجربہ کار آل راؤنڈرز کو تلاش کریں اور اسی کے ذریعے سے پاکستان کرکٹ فتوحات کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :