امریکہ ‘ عدالت نے بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبراگڑے کیخلاف سماعت کی تاریخ میں توسیع سے انکار دیا

جمعرات 9 جنوری 2014 13:49

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) امریکہ کی وفاقی عدالت نے بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبراگڑے کی ان کے خلاف ابتدائی سماعت کی تاریخ میں توسیع سے انکار کردیا ہے۔دیویانی کے وکیل نے ویزا دستاویزات میں فراڈ کے معاملے میں سماعت شروع کرنے کیلئے عدالت سے مزید مہلت طلب کی تھی۔نیویارک میں جنوبی ضلع کی عدالت کی جج سارا نٹبرن نے کہا ہے کہ سماعت کی تاریخ کو ملتوی نہیں کیا جائیگا۔

عدالت کے فیصلے کے بعد اب دیویانی کھوبراگڑے کا 13 جنوری کو عدالت میں پیش ہونا ہے اور ان پر مقدمے کی کارروائی شروع ہونا ایک طرح سے طے شدہ تسلیم کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبراگڑے کو ان کی نوکرانی سنگیتا رچرڈز کی طرف سے شکایت پر گرفتار کیا گیا تھاان پر الزام تھا کہ وہ اپنی گھریلو ملازمہ کو قانون کے مطابق اجرت ادا نہیں کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

نیویارک کی عدالت میں پیش کیے جانے والے دستاویزات کے تحت بھارتی سفارت کار نے اپنی ملازمہ کی ویزا درخواست میں لکھا تھا کہ انھیں امریکہ میں ساڑھے چار ہزار امریکی ڈالر کی تنخواہ دی جائیگی جبکہ انھیں صرف 573 ڈالر دئیے جا رہے تھے۔ یہ تنخواہ امریکہ میں کم سے کم تنخواہ کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔بھارتی سفارت کار نے اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کر دیا اور وہ اس وقت ضمانت پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :