عوام دھاندلی واویلا سے تنگ آ چکے ہیں ،اب صرف ملک کی ترقی اور مسائل کا حل چاہتے ہیں‘ پارلیمانی سیکرٹری

جمعرات 9 جنوری 2014 13:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست کا مرکز و محور دھاندلی ہو گیا ہے، عام انتخابات میں شکست کے بعد تحریک انصاف بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،دوسروں پر تنقید سے پہلے خود بتائیں کہ انہوں نے خیبر پی کے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام دھاندلی واویلا سے تنگ آ چکے ہیں اور اب صرف ملک کی ترقی اور مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں منفی رویہ تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے۔ تبدیلی کی باتیں کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اور بتائیں کہ جس تبدیلی کا وہ نعرہ لگاتے رہے ہیں‘ اس پر عملدرآمد کا کیا بنا اور خیبر پی کے میں انہوں نے کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں‘ جس پر وہ دوسروں پر تنقید کر رہے ہیں۔