چینی کمپنی کا پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار ، کمپنی ہائیڈل، کوئلے، ونڈ اور سولر انرجی کے منصوبووں میں مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرا دی ،چائنیز تھری گورجز کارپوریشن پاکستان میں جاری توانائی کے منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ، خواجہ آصف

بدھ 8 جنوری 2014 22:20

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) چینی کمپنی نے پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ہائیڈل، کوئلے، ونڈ اور سولر انرجی کے منصوبووں میں مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرا دی ہے جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ چائنیز تھری گورجز کارپوریشن پاکستان میں جاری توانائی کے منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے بدھ کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں توانائی کے بڑے منصوبوں پر کام کرنے والی چائنیز تھری گورجز کارپوریشن کے صدر چن فیائی سے ملاقات کی اور توانائی سیکٹر میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا وفاقی وزیر نے توقع ظاہر کی کہ چائنیز تھری گورجز کارپوریشن پاکستان میں جاری توانائی کے منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ٹی جی اپنے وسیع تر تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمہ میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ خواجہ آصف نے چائنیز تھری گورجز (سی ٹی جی) کو پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا اورونڈ فارمز قائم کرنے کیلئے جامع سروے کرانے کی بھی دعوت دیدی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سی ٹی جی پاکستان میں جاری اپنے تمام منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

خواجہ آصف نے سی ٹی جی کے صدر کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ اس مقصد کیلئے حکومت نے تھر میں وسیع پیمانے پر پائے جانے والے کوئلے کے ذخائر کو بروئے کار لانے، سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ونڈ فارمز قائم کرنے اور باشا، بونجی، داسو اور دیگر ہائیڈل منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کا تہیہ کرلیا ہے اور پنجاب میں کوئلے سے پاور پلانٹ چلانے کے منصوبے بھی زیرغور ہیں۔

سی ٹی جی کے صدر چن مینائی نے اس موقع پر پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنی کمپنی کی جانب سے ہائیڈل، کوئلے، ونڈ اور سولر انرجی کے منصوبووں میں مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرا دی۔

متعلقہ عنوان :