Live Updates

محمود غزنوی کے حملوں کی طرح سندھ کے دورے کرونگا: عمران خان

بدھ 8 جنوری 2014 19:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب وہ محمود غزنوی کے حملوں کی طرح کراچی کے بار بار دورے کریں گے۔ اب ان کی پوری توجہ سندھ پر ہو گی (ن) لیگ بتائے کہ اتفاق فاؤنڈری نے کتنی بجلی چوری کی ہے۔ مقامی عہدیداروں اور کارکنان کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی چوٹ کے باعث کراچی اور اندرون سندھ پر زیادہ توجہ نہیں دے سکے لیکن اب ان کی پوری توجہ سندھ پر ہو گی اور وہ محمود غزنوی کے حملوں کی طرح کراچی کے دورے کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ ون اور سندھ ٹو کے قیام کی کوئی بات ہی نہیں ہے اصل میں مظلوم طبقے کو انکا حق دینا ہو گا، سیاسی جماعتیں سندھ کے عوام میں نفرتیں پھیلا کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخواہ میں بجلی چوری کے متعلق عابد شیر علی کے بیان پر عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ بتائے کہ اتفاق فاؤنڈری نے کتنی بجلی چوری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ خیبرپختوانخواہ میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا نظام ہمیں دیا جائے پھر دیکھتے ہیں کیسے بجلی چوری ختم نہیں ہوتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں دیوان خاص اور دیوان عام کے قوانین ہیں، کسی خاص شخصیت یا دستور توڑنے والوں کے لئے این آر او لایا جاتا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات