وزیر اعظم کی قیادت میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہیگا،چوہدری محمد مطلوب انقلابی

بدھ 8 جنوری 2014 16:01

پلندری(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء)آزادکشمیر کے وزیرتعلیم چوہدری محمد مطلوب انقلابی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا ۔عوام سے کیئے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کیا جا ئے گا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے مختصر عرصہ میں آزادخطہ میں تعلیمی انقلاب برپا کر کے تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں ۔

آزاد کشمیر میں تین میڈیکل کالجز ،پانچ یونیورسٹیاں ،متعدد اداروں کی اپ گریڈیشن وزیراعظم آزادکشمیر کی علم دوستی اور اپنی کمٹمنٹ کا عکاس ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں ڈھائی سال کے عرصہ میں شعبہ تعلیم سمیت ہر ضلع میں میگا پراجیکٹس دیں گے ۔آزادکشمیر میں معیاری اور بامقصد نظام تعلیم قائم کر کے آزادکشمیر کو ایجوکیشن سٹی میں بدل دیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر آزادکشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر لیب ،جدید لائیبریریاں اور سائنس لیبارٹریاں قائم کریں گے ۔وزیر ہائیر ایجوکیشن چوہدر ی محمد مطلوب یہاں کیڈٹ کالج پلندری میں یوم والد ین کی 15ویں سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973میں پلندری میں کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کر کے اہل کشمیر سے جس عقیدت کا اظہار کیا وہ پاکستان پیپلزپارٹی کی کشمیری عوام سے کمٹمنٹ کا عکاس ہے ۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر و صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں عوام سے کیئے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کرے گی ۔وزیرتعلیم نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے حکومت سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں وہ سب پوری کریں گے ۔