جماعت اسلامی نے کشن گنگا ڈیم اور بہاولپورصوبہ کی بحالی کیلئے پنجاب اسمبلی میں قراردادیں جمع کروادیں

بدھ 8 جنوری 2014 15:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کشن گنگاڈیم اور جنوبی پنجاب وبہاولپور صوبہ کے حوالے سے دوقرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادیں۔کشن گنگا ڈیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی قرار داد میں کہاگیا ہے کہ” کشن گنگا ڈیم منصوبہ پر آنے والا فیصلہ کسی طرح پاکستان کے حق میں ہے اورنہ مفاد میں ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے اس حوالے سے وفاقی حکومت فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرے تاکہ پاکستان کا مفاد محفوظ رہے“۔دریں اثنا جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبہ کے حوالے سے جمع کرائی گئی قرار دادمیں کہا گیاکہ”پنجاب اسمبلی( سیشن 2008تا2013 )نے متفقہ طور پر صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام اور صوبہ بہاولپور کی بحالی کی قرار داد پاس کی تھی۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ اس قرار داد پر عملدر آمد کے لیے حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ جنو پنجاب کے قیام اور بہاولپور صوبہ کی بحالی کی راہ ہموار ہوسکے“۔