آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ،اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش ،موسم مزید سرد ہوگیا

بدھ 8 جنوری 2014 15:18

کوئٹہ /اسلام آباد /مظفر آباد /مری /سوات /لاہور /ملتان /کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ، برفباری کے باعث کئی علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ، گیس اور بجلی کی لوشیڈنگ کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گیامحکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں رات چار بجے برف باری کا سلسلہ شروع ہو اور اس وقت شہر کی سڑکیں، عمارتیں، درخت و تالاب سب برف سے ڈھک گئے ہیں۔

شہر میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا جس میں اضافے کا امکان ہے۔ کوئٹہ کے ساتھ مستونگ، قلات اور زیارت میں بھی ایک فٹ برف پڑی۔ کوئٹہ کے علاوہ زیارت، سنجاوی، قلات اور مستونگ میں بھی برف باری دن بھر جاری رہی ، امکان ہے کہ کوئٹہ میں ٹھنڈ کے بعد کراچی میں بھی سردی بڑھنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ادھر شمالی وزیرستان میں بھی رات بھر برف باری ہوتی رہی۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال اور تحصیل رزمک میں رات بھر برفباری جاری رہی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا مختلف علاقوں میں برفباری کے بعد کراچی میں بھی سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ آواران اور گرد و نواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ادھر دالبندین، گوادر، جیونی اور نوکنڈی کے دیگر علاقوں میں بارش کے بعد شدید سردی ہو گئی۔

بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں ہوا کے کم دباوٴ کا سسٹم داخل ہونے سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ جمعہ کوسندھ میں سردی کی شدت بڑھ جائے گی۔ گلگت بلتستان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہے۔ استور میں درجہ حرارت منفی گیارہ جبکہ ہنزہ میں منفی آٹھ تک گرنے کے بعد معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں شمالی وزیرستان میں برفباری کے بعد شوال اور رزمک کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں کے علاوہ پشاور، ہزارہ، کوہاٹ ڈویڑن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ گلیات اور مری میں برفباری متوقع جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں بارش سے موسم سرد ہوگیا محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پنجگور میں 30ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، جیوانی میں 16، گوادر 15، دالبندین 12 اور مارا دس، پسنی آٹھ، قلات سات، پاراچنار اور نوکنڈی میں دو جبکہ کوئٹہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ استور منفی گیارہ،پاراچنار منفی نو،گوپس اورہنزہ میں منفی آٹھ،مالم جبہ منفی سات جبکہ دروش اورراولاکوٹ منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔