سانحہ نائن الیون، جھوٹی معذوری ظاہرکرنیوالے درجنوں اہلکارگرفتار

بدھ 8 جنوری 2014 11:53

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء)امریکا میں نائن الیون کے بعدفراڈ کرکے حکومت سے فوائد حاصل کرنے والے ایمرجنسی سروسز کے درجنوں سابق اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں 72پولیس افسران ،8فائرفائٹرزاور پانچ دیگر اہلکار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے کچھ افراد پر سانحہ نائن الیون میں ذہنی اور جسمانی معذوری کا جھوٹا دعویٰ کرنے کا الزام ہے۔حکام کاکہنا ہے کہ اس طرح ان لوگوں نے کروڑوں ڈالرز کا فراڈ کیااور ان لوگوں کے مفادات کو نقصان پہنچا یاجنہوں نے اپنی صحت اور جان کی پروا کیے سب سے پہلے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔اس سلسلے میں ایک ریٹائرڈ پولیس افسر سمیت پانچ افراد کو نیویارک کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق ایمرجنسی ورکرز کو تربیت دی کہ کس طرح وہ صحت کے مسائل اور ذہنی معذوری ظاہر کرکے فوائد حاصل کرسکتے ہیں اور اس کے جواب میں انہوں نے ہزاروں ڈالرز رشوت بھی وصول کی۔