سپریم کورٹ نے وزارت دفاع سے کنٹونمینٹ ایریاز میں انتخابات کے لئے حتمی تاریخ طلب کرلی،وفاقی حکومت کنٹونمنٹ بورڈ کے قانون میں ترمیم کررہی ہے،حتمی تاریخ نہیں دے سکتے ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل

منگل 7 جنوری 2014 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) سپریم کورٹ نے وزارت دفاع سے کنٹونمینٹ ایریاز میں انتخابات کے لئے حتمی تاریخ طلب کرلی جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاقی حکومت کنٹونمنٹ بورڈ کے قانون میں ترمیم کررہی ہے،حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔منگل کو کنٹونمنٹ ایریاز میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ وزارت دفاع انتخاب کرانے کی حتمی تاریخ دے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے15ستمبر2013 تک انتخابات کی تاریخ دی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ ایریاز میں 14فروری تک انتخابات ہوسکتے ہیں۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور سے استفسار کیا کہ حتمی تاریخ دیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے اس پر جسٹس خلجی عارف نے استفسار کیا کہ انتخابات کرانے کا ارادہ نہیں تو بتادیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا وفاقی حکومت کنٹونمنٹ بورڈ کے قانون میں ترامیم کرارہی ہے، ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے۔ بعد ازاں کنٹونمنٹ ایریاز میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت 9جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :