لیاقت علی جتوئی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں ،پیر مظہر الحق کا مشورہ،پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں کا اب سندھ میں نام و نشان تک باقی نہیں رہاہے ،سابق سینئر وزیر تعلیم سندھ

منگل 7 جنوری 2014 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنما پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن پیر مظہرالحق نے ن لیگ رہنما لیاقت جتوئی کی جانب سے گذشتہ روز کی گئی پریس کانفرنس پر کہا ہے کہ بالاخر انہیں اپنے قائد نواز شریف کے بارے میں پتاچل گیا سندھ ان سے بھولی ہوئی ہے اور سندھ کا الفاظ نواز شریف کی ڈائری میں نہیں ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک پرانے دوست اور کلاس فیلو ہونے کے ناطے میں لیاقت جتوئی کو مخلصانہ مشورہ دیتا ہوں کے وہ اپنے پرانے ساتھیوں محمد شاہ، چاکر خان شاہانی اور دیگر کی طرح پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں کیونکہ پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں کا اب سندھ میں نام و نشان نہیں باقی نہیں رہا، اور ان کی پہلی سیاسی منزل بھی وہی تھی اورآخری راستہ بھی وہی ہے۔

(جاری ہے)

پیر مظہرالحق نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے دادو ضلع میں کلین سوئیپ کیا اور جتوئی برادران سمیت دیگر پیپلز پارٹی مخالفین کو ایک سیٹ بھی ہاتھ میں نہیں آئی اور اب بھی نواز لیگ سے سندھ کے عوام کی نفرت کے باعث بلدیاتی انتخابات میں شکست سامنے دیکھ کر پہلے ہی دھاندلیوں کے الزامات لگا رہے ہیں۔ ان کو چاہیے کے مسلم لیگ نواز کے ہمیشہ وفادار اورقربانیاں دینے والے رہنماؤں سے اختیار کیے گئے سلوک سے سبق حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کتنی ہی پارٹیاں تبدیل کرکے دوبارہ نواز لیگ میں شامل ہوا ہے جس پر تمام پرانے دوست اور رفیق کار ان کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں اور کم سے کم میں ان کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہوں گا۔