گیس مہنگی کرنے کی درخواست پر اوگرا کا سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ

منگل 7 جنوری 2014 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) عوام پر گیس بم گرانے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، اوگرانے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست سماعت کے بعد محفوظ کرلی ہے ۔تفصیلات کے مطابق گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں پہلے مرحلے میں صنعتی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والی گیس مہنگی کرنے کی درخواست پر اوگرا نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

پاکستان کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے مطابق رواں سال بجلی مزید مہنگی کرنے کے علاوہ رواں ماہ گیس مہنگی کرنا ہوگی، جس کی تیاریاں بتدریج آگے بڑھ رہی ہیں گیس ڈسٹری بیوشن کی دوں وں کمپنیوں نے گیس مہنگی کرنے کیلئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو درخواست دی تھی۔سوئی ناردرن کی گیس ٹیرف میں 69 روپے فی ایم ایم بی ٹی یواضافے کی درخواست پراوگرا نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن نے ابھی گھریلو صارفین کے ٹیرف برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے تاہم سی این جی اور پاور پلانٹس کیلئے گیس 15 فیصد مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح صنعتوں اور فرٹیلائیزر انڈسٹری کیلئے بھی گیس 15 فیصد مہنگی کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے، سوئی ناردرن نے اوگرا کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ اگر ٹیرف میں اضافہ نہ کیا گیا تو سوئی ناردرن کو 6 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔