مینگورہ ، نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے یونین کونسل کے سابق نائب ناظم شاہ زمان کو قتل کردیا

منگل 7 جنوری 2014 14:01

مینگورہ/چارسدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) صوبائی خیبر پختون خوا کے ضلع سوات کی تحصیل مینگورہ کے علاقے شاہ درا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے یونین کونسل کے سابق نائب ناظم شاہ زمان کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق واقعہ شاہ درا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مقتول شاہ زمان اپنی دکان میں بیٹھے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھادھند فائرنگ کردی، جس سے شاہ زمان شدید زخمی ہوگئے، انہیں سید و شریف ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبرنہ ہوسکے۔

پولیس نے ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا شاہ زمان 2005 کے بلدیاتی انتخابات میں شاہ درا سے یونین کونسل کے نائب ناظم مقرر ہوئے تھے۔ ادھر چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں ایک گھر کے سامنے دھماکا ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

منگل کوپولیس کے مطابق شب قدر کے علاقے سرو میں رات گئے دھماکا ہوا۔دھماکاتحصیل ہیڈکوارٹراسپتال کے ڈاکٹررضا اللہ کے گھر کے سامنے کیا گیا۔

بارودی مواد پھٹنے سے گھر کے مرکزی دروازے کو نقصا ن پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی دوسری جانب لوئر کرم ایجنسی کے علاقے صدا کی فروٹ منڈی میں دھماکے سے 7 افراد زخمی ہوگئے۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا اس وقت کیا گیا جب صدا کی فروٹ منڈی میں بیوپاریوں کا رش تھا۔ دھماکے کی زد میں آکر 7 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال صدا منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیٹیکل حکام نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔