کراچی ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق ، 8زخمی

منگل 7 جنوری 2014 14:01

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) صوبائی دارالحکومت کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی اداروں نے تین مبینہ ٹارگٹ کلرز سمیت سو سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی اور اورنگی ٹاون میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد قتل ہوئے۔

لیاری بہار کالونی سے نوجوان کی ہاتھ پاوٴں بندھی لاش برآمد ہوئی۔ لیاری کے مختلف علاقوں گبول روڈ، سلاٹر ہاوٴس، تانگہ چوک، عیدو لین، کلری، گبول روڈ اور سنگولین میں دو گروہوں میں مسلح تصادم اور آوان بم حملوں میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ ادھرنارتھ کراچی اور چنیسرگوٹھ میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے۔ ڈیفنس فیز فور میں دوران مزاخمت ڈکیتی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے الفلاح سوسائٹی میں چھاپہ مارکر سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے تین ٹارگٹ کلرزکو گرفتار کرکے اسلحہ بر آمد کرلیا۔ ملزمان کئی افراد کے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔ اس کے علاوہ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، غریب آباد، گلشن معمار ، کورنگی ، سائٹ ، لانڈھی ،نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، چنیسرگوٹھ ،ملیر رفاع عام اورماڈل کالونی میں چھاپے مارکرچھبیس ملزمان کوگرفتارکرکے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس نے پی آئی بی کالونی میں مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ادھر کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 3 میں لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان کو نامعلوم شہری نے فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔کورنگی نمبر 3 کے علاقے میں کل صبح اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر ہے تھے کہ ایک نامعلوم شہری نے فائرنگ کر کے دونوں ملزمان کو زخمی کردیا اور واردات ناکام بنادی، جس کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی، زخمی ملزمان کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پولیس کاغذی کاروائی کے بعد باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر ے گی۔

متعلقہ عنوان :