سپریم کورٹ ، الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کر نے کی درخواست دائر کردی گئی

منگل 7 جنوری 2014 13:59

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سندھ کی تقسیم اور ملک توڑنے کے حوالے سے بیان بازی پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہونے کے باوجود پاکستان کے ملکی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔

سندھ کی تقسیم اور کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی بات کر کے الطا ف حسین نے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی ہے۔اس قسم کے بیانات سے کراچی کا امن تباہ ہونے اور لسانی بنیادوں پر ہنگاموں کا بھی خدشہ ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لا نے کا حکم دیتے ہوئے غداری کا مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔