برف میں پھنسے جہازوں کی مدد کیلئے امریکی جہاز روانہ ہوگیا ،جمعرات تک پہنچ جائیگا

منگل 7 جنوری 2014 13:48

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء)انٹارکٹکا میں برف میں پھنسے روس اور چین کے جہازوں کی مدد کیلئے امریکی بحری جہاز روانہ ہو گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پولر اسٹار نامی یہ جہاز مرمت و بحالی نو کیلئے سڈنی میں اپنے قیام کو مختصر کرتے ہوئے انٹارکٹکا کیلئے روانہ ہو گیا اور توقع ہے کہ جمعرات تک وہاں پہنچ جائے گا۔

(جاری ہے)

روسی جہاز 28 نومبر کو نیوزی لینڈ سے روانہ ہوا تھا جس کا مقصد ایک آسٹریلوی محقق کی طرف سے انٹارکٹکا کے سو سال قبل دریافت کیے گئے راستے کو تلاش کرنا تھا تاہم یہ جہاز برف میں پھنس گیا اور اس کی مدد کو آنے والا چینی جہاز بھی اسی طرح کی صورتحال سے دوچار ہوا۔

دو جنوری کو روسی جہاز پر سوار 52 مسافروں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ایک آسٹریلوی بحری جہاز پر منتقل کیا گیا جہاں سے انھیں ساحل تک پہنچایا گیا۔امریکہ کے ساحلی محافظوں کو آسٹریلوی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی کی طرف سے کال موصول ہوئی کہ وہ برف میں پھنسے جہازوں کی مدد کے لیے راستہ بنانے کے لیے معاونت کریں۔75 ہزار ہارس پاور کے انجنوں والا پولر اسٹار امریکی جہاز چینی امدای جہاز سے پانچ گنا زیادہ قوت کا حامل ہے۔