پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرامیچ کل دبئی میں کھیلا جائیگا

منگل 7 جنوری 2014 13:39

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرامیچ کل بدھ کودبئی میں کھیلا جائیگا شیڈول کے مطابق سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 8 سے 12 جنوری تک دبئی جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 16 سے 20 جنوری تک شارجہ میں کھیلا جائے گا پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں میدان میں اتریگی دیگر کھلاڑیوں میں عبدالرحمان، عدنان اکمل، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، جنید خان، خرم منظور، محمد حفیظ، محمد طلحہ، راحت علی، سعید کلمل، شان مسعود، عمر گل اور یونس خان شامل ہیں۔

سری لنکا کی کپتانی کے فرائض اینجلو میتھیوز انجام دیں گے جبکہ اسے کمار سنگا کارا، مہیلا جائے وردنے، رنگنا ہیراتھ، دنیشن چندیمل اور نوان کلاسیکرا کی خدمات حاصل ہوں گی۔

(جاری ہے)

1982 سے اب تک دونوں ٹیموں کے مابین 43 ٹیسٹ کھیلے گئے جس میں پاکستان نے 16 اور سری لنکا نے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 18 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ اس سے قبل پاکستان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز 3-2 سے اپنے نام کر چکا ہے جبکہ دو ٹی 20 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔

ادھر پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے کہاکہ دبئی میں وکٹ مختلف ہوگی کامیابی کیلئے پوری کوشش کریں گے۔کپتان مصباح الحق نے کہاکہ تیسرے ہی دن اسپنرز اپنا کام دکھانے لگیں گے، سیریز میں برتری کیلئے پورا زور لگائیں گے، بیٹنگ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے۔ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ دبئی میں سعید کلمل اس بار بھی کامیاب ہونگے، انھوں نے کہاکہ ابوظبی میں دونوں ہی ٹیموں کے اسپنرز زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرپائے مگر مجھے دبئی کی وکٹ کے ٹرن کرنے کا پورا یقین ہے، میرے خیال میں تیسرے ہی دن یہاں پر اسپنرز اپنا کام دکھانا شروع کردینگے، انھوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں ہماری بیٹنگ پرفارمنس توقع کے مطابق نہیں تھی، ہمیں اس پر مزید محنت کرنے اور زیادہ سے زیادہ اسکور بنانے کی ضرورت ہے۔

مصباح الحق نے واضح کیا کہ ہم سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔ دوسری جانب سری لنکا کے سینئر بیٹسمین مہیلا جے وردنے نے کہاکہ جو پلان ہم نے ڈیڑھ برس قبل ہوم سیریز میں بنایا تھا وہ اب بھی کارگر ثابت ہورہا ہے، پاکستان کے اسپن جادوگر کا توڑ کرتے رہیں گے تاہم سابق کپتان اور مڈل ا?رڈر بیٹسمین مہیلا جے وردنے نے کہاکہ ہم سعید کلمل کیخلاف بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے، وہ اپنی ٹیم کیلئے ٹرمپ کارڈ ہیں، ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ انھیں جتنا اچھا کھیلیں گے اتنا ہی ہماری کامیابی کا راستہ صاف ہوجائیگا، نوجوان پلیئرز نے ان کیخلاف عمدگی سے بیٹنگ کی اور ہمیں امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا، انھوں نے کہا کہ سعید کلمل کسی بھی وقت وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم ہم نے پہلے ٹیسٹ کی طرح اس بار بھی ان کا عمدگی سے سامنا کیا تو سیریز میں برتری کا امکان بڑھ جائیگا۔