مشرف غداری کیس کی سماعت جاری، میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کردی گئیں

منگل 7 جنوری 2014 12:17

مشرف غداری کیس کی سماعت جاری، میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کردی گئیں

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس ایک بند لفافے میں عدالت کے روبرو پیش کیں جس پر دونوں فریقین کا مطالبہ تھا کہ انہیں بھی میڈیکل رپورٹس دکھائی جائیں، جس پر تین رکنی خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ پہلے عدالت میڈیکل رپورٹس دیکھ لے تو پھر یہ رپورٹس وکلاء کو بھی پیش کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کیس کی سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل منصور انور نے گزشتہ روز عدالت میں ہونے والی تلخ کلامی پر معافی بھی مانگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عدالت ٹرائل کے دوران ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری نہیں کر سکتی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے نے سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا کو ان کی میڈیکل رپورٹس آج ہر حال میں عدالت میں جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔