پاک فضائیہ کے 3 اہلکاروں کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی ختم، ملازمت پر بحال

پیر 6 جنوری 2014 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری۔2014ء) کامرہ ایئر بیس حملہ کیس میں پاک فضائیہ کے 3 اہلکاروں کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی ختم کرکے انہیں ملازمت پر بحال کردیا گیا۔کامرہ ائیر بیس حملہ کیس میں غفلت اور لاپرواہی کے الزامات پر 3 اہل کاروں کو کورٹ مارشل کا سامنا تھا، پاک فضائیہ کمیٹی کی سفارش پر الزامات واپس لے لئے گئے اور اہلکاروں کو ملازمت پر بحال کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سینئر ٹیکنیشن ظفرعباس، سینئر ائیر کرافٹ مین شاہ ویز خان اور کارپول ٹیکنیشن مرزا وسیم اقبال پر عائد تمام الزامات واپس لے کر انہیں ملازمت پر بحال کردیا گیا ہے۔اہلکاروں کے خلاف حملہ کے دوران بزدلی دکھانے اور جوابی کارروائی نہ کرنے کے الزام پر کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔اہلکاروں نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ سے کورٹ مارشل کیخلاف حکم امتناع بھی حاصل کرلیا تھا تاہم پاک فضائیہ کی ایک کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کیں اور اہلکاروں پر عائد الزامات واپس لینے اور انہیں بحال کرنے کی سفارش کی، یوں پاک فضائیہ کے سربراہ نے انہیں ملازمت پر بحال کردیا۔ سماء