سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی شیڈول کی تبدیلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر ، دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کا معاملہ اہم نوعیت کا ہے ، الیکشن کمیشن کا موقف

پیر 6 جنوری 2014 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) الیکشن کمیشن میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال پر انتخابی شیڈول کی تبدیلی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیاکہ سندھ اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے بعد دونوں صوبوں میں جاری کردہ انتخابی شیڈول کے تحت الیکشن انتہائی مشکل ہیں، اس لئے عدالت عظمیٰ سے اپیل ہے کہ وہ ہائی کورٹس کے فیصلوں پر انتخابات سے متعلق احکامات جاری کرے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر کی گئی ایک اور درخواست میں کہا گیا کہ دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کا معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اگر اس درخواست کو جلد نہ سنا گیا تو کئی مسائل پیداہوں گے، اس لئے سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ وہ اس معاملے پر عدالتی کارروائی کا آغاز (کل) منگل کو کو ہی سے کرے