دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے والے فوجی ہمارے قومی ہیرو ہیں، جنرل راحیل شریف، فوج زخمی اہلکاروں کی قربانیوں کا پوری طرح اعتراف کرتی ہے،ان کی زندگی میں سکون لانے کے لئے سب کچھ کریں گے، آرمی چیف کی آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر گفتگو،فنی تربیت کے شعبہ کا افتتاح بھی کیا

پیر 6 جنوری 2014 21:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے والے فوجی ہمارے قومی ہیرو ہیں، جن پر قوم کو فخر ہے، فوج ان کی قربانیوں کا پوری طرح اعتراف کرتی ہے۔ ان کی زندگی میں سکون لانے کے لئے سب کچھ کریں گے، یہ بات انہوں نے پیر کو آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن( اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر کہی، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں زخمی ہونے والے فوجیوں کی قربانیوں، جرات اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے والے فوجی ہمارے قومی ہیرو ہیں، جن پر قوم کو فخر ہے۔

فوج ان کی قربانیوں کا پوری طرح اعتراف کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کی زندگی میں سکون لانے کے لئے سب کچھ کریں گے،اے ایف آئی آر ایم کے دورے کے دوران ، چیف آف آرمی اسٹاف کو انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے شروع کئے گئے بحالی کے کام بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ فوج کی سطح پر مربوط کوششوں کے ذریعے اے ایف آئی آر ایم ایک اعلیٰ بحالی انسٹی ٹیوٹ میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں ایک چھت کے نیچے تمام ذیلی سہولیات میسر ہیں ۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے انسٹی ٹیوٹ میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ڈاکٹروں کی ٹیم اور طبی عملے کی طرف سے مختلف کارروائیوں میں زخمی ہونے والے فوجی اہلکاروں کی دیکھ بھال کے معیار کو سراہا۔ آرمی چیف نے اس موقع پرفنی تربیت کے شعبہ کا افتتاح بھی کیا جہاں زخمی فوجیوں کو فنی تربیت کے ذریعے پھر سے معاشرے کا مفید شہری بننے میں مدد دی جائے گی قبل ازیں انسٹی ٹیوٹ آمد پرسرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل اظہر رشید نے چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال کیا۔