بین الاقوامی سفر میں غیر ملکی کرنسی لے جانے پر این ٹی این لازمی قرار

پیر 6 جنوری 2014 13:24

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء) حکومت نے بیرون ملک سفر کے دوران غیرملکی کرنسی لے جانے پر نیشنل ٹیکس نمبر کو لازمی قرار دینے پر غور شروع کر دیاہے، اس فیصلے کا مقصد غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ کو روکنا اور مقامی مارکیٹ میں طلب کو پورا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اقتصادی اصلاحات ایکٹ 1992 اور اسٹیٹ بینک کے قوانین کے سیکشن 4 کے تحت تمام شہریوں کو بین الاقوامی دورے کے دوران 10ہزار ڈالر تک لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے غیر ملکی کرنسی کی بھاری منتقلی کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت 10ہزار ڈالر تک لے جانے پر بھی این ٹی این لازمی قرار دینے پر غور کررہی ہے۔ یہ اقدام منی لانڈرنگ اور بڑے پیمانے پر غیرملکی کرنسی کی منتقلی روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔