آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایف بی آر کے اختلافات کے باوجود مذاکرات کامیاب

پیر 6 جنوری 2014 13:23

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء) آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایف بی آر کے درمیان ٹیکس دہندگان کی معلومات تک رسائی کے اختلافات کے باوجود مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایف بی آر کے درمیان ٹیکس ڈیٹا کی فراہمی سے متعلق موجود اختلافات کے باوجود مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور ایف بی آرٹیکس محصولات کی مکمل معلومات آڈیٹر جنرل کو مہیا کرنے پر مجبور ہو گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایف بی ار آڈیٹر جنرل کو معلومات تک رسائی دینے سے انکاری تھا کیونکہ آڈیٹر جنرل سے ماضی میں تاجر برادری کی ٹیکس معلومات فاش ہوتی رہی ہیں۔ جبکہ آڈیٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ایف بی آر اپنا ٹیکس آڈٹ کروانے سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر انکاری ہے۔ ذرائع کے مطابق نومبر میں ہونے والی میٹنگ میں ایف بی آر کے سینئر حکام نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے مجبور کرنے پر ٹیکس ڈیٹا کی فراہمی پر اتفاق کر لیا ہے مگر ایف بی آر کا پر زور مطالبہ ہے کہ ٹیکس دہندگان کی انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی معلومات لیک نہ کی جائیں۔