امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں اور کینیڈا میں قطبی ہواوٴں کی وجہ سے صورتحال مزید ..
تازہ ترین : 1

امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں اور کینیڈا میں قطبی ہواوٴں کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ، مرنے والوں کی تعداد 18ہوگئی

واشنگٹن/ٹورنٹو/لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء)امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں اور کینیڈا میں قطبی ہواوٴں کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے ،برفانی طوفان کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 18ہوگئی ،پانچ ہزارسے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں ،امریکہ کے کئی علاقوں میں قطب شمالی کی جانب سے آنے والی برفانی ہواوٴں کی وجہ سے ریکارڈ سطح تک درجہ حرارت گر سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک کے جان ایف کینڈی ہوائی اڈے پر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے آنے والا ایک ہوائی جہاز برف کے باعث پھسل گیا۔واقعہ کے نتیجے میں جہاز میں سوار مسافر محفوظ رہے تاہم ہوائی اڈے کو پروازوں کیلئے دو گھنٹے کے لیے بند کرنا پڑا۔امریکی محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق برفانی ہواوٴں کے نتیجے میں ملک کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 50 سینٹی گریڈ تک محسوس ہو گا۔

حکام نے ان علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے مدنظر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور تاکہ سڑکوں سے برف ہٹائی جا سکے۔دوسری جانب کینیڈا کے جزیرے نیوفاوٴنڈ لینڈ میں شدید برفباری کے بعد ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔یہاں شدید سرد ہواوٴں کی وجہ سے درجہ حرارت بہت کم ہو چکا ہے اور ٹورنٹو میں درجہ حرارت منفی 28 جبکہ کیوبیک شہر میں منفی 38 سینٹی گریڈ رہا جو گزشتہ دو دہائیوں میں سرد ترین درجہ حرارت ہے۔

شدید برفباری سے امریکی ریاست نیویارک، کنیٹیکٹ اور میساچوسٹس بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ان ریاستوں میں سکول بند ہیں اور ذرائع مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہری اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ادھر برطانوی دارالحکومت لندن سیلاب کے بعد کی صورت حال سے پریشان کن ہوگئی، کار پرکنگز،سڑکوں پر ہر جگہ پانی نے جگہ بنالی ہے۔برطانوی ماحولیاتی ادارے نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور سیلاب کی نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے ملک بھر میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 06/01/2014 - 13:19:23

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں