انجمن تاجران خیبرپختونخوا کا صوبائی حکومت سے مستعفی ہونیکا مطالبہ ،حکومت امن وامان ‘ بھٹہ خوری اور پرچی سسٹم کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،اغواء ‘ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نے پشاور کے تاجروں کی زندگی مفلوج بنا رکھی ہے،صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،انجمن تاجران خیبرپختونخوا کے صدر حاجی حلیم‘سیکرٹری جنرل ملک مہر الٰہی سمیت دیگر کامشترکہ بیان

اتوار 5 جنوری 2014 21:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) انجمن تاجران خیبرپختونخوا کے صدر حاجی حلیم‘سیکرٹری جنرل ملک مہر الٰہی ‘سیکرٹری اطلاعات محمد ابراہیم ‘انجمن تاجران ضلع پشاور کے سیکرٹری جنرل شکیل صراف اور غلام نورانی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت امن وامان ‘ بھٹہ خوری اور پرچی سسٹم کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

خیبرپختونخو ااور خصوصاً پشاور کے شہریوں نے گیارہ مئی 2013ء کو موجودہ حکومت کو جو مینڈیٹ دیا تھا اس پر عوام اور تاجر برادری نالاں ہیں ۔ پشاور شہر میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی ۔ تاجر ‘ صنعتکار اور عوام پریشانی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آئے روز اغواء برائے تاوان ‘ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نے پشاور کے تاجروں کی زندگی مفلوج بنا رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت اگر اپنے اداروں کے ذریعے معلومات حاصل کرے تو اسے معلوم ہوگا کہ پشاور کا ہر شہری انتہائی قرب کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔ مہنگائی اور بیروزگاری نے پہلے ہی لوگوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے اور اغواء برائے تاجوان ‘ بھتہ خوری اور پرچی سسٹم نے عوام اور تاجر برادری کی زندگی کو مزید مفلوج بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شہریوں کے جان و مال ‘ عزت و آبر و کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

عوام نے جس خلوص کیساتھ انہیں مینڈیٹ دیا آج وہ موجودہ حکومت سے انتہائی بدزن ہو چکے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ صوبے اور خصوصاً پشاور میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔ اگر حکومت حالات کو کنٹرول نہیں کر سکتی تو فوری طور پر مستعفی ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر شہریوں میں پائی جانیوالی تشویش اور خوف کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور اگر خیبرپختونخوا حکومت عملی اقدام اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں ہے تو پھر فوری طور پر مستعفی ہو نے کو ترجیح دے ۔ ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری انتہائی پریشان ہے اور عنقریب ضلع پشاور کے تاجروں کا اجلاس بلا کر پہلے مرحلے میں پورے پشاور میں بینروں کے ذریعے احتجاج کیا جائیگا