Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو 44روز مکمل ،ڈرون حملے رکنے تک دھرنا جاری رکھیں گے،عمران خان کی کال پر ہر قربانی کو تیار ہیں،قبائلی عمائدین

اتوار 5 جنوری 2014 18:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کو 44روز مکمل ہو گئے۔اتوار کو 44ویں روز تحریک انصاف فاٹا کے کارکنان نے دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دی اس موقع پر ان کیساتھ اتحادی جماعتوں کے کارکنان ،آرگنائزر و بابائے دھرنا فیاض خلیل،اقلیتی رہنما ارنسٹ نہال، قبائلی عمائدین امین زادہ آفریدی،جمال آفریدی،جاوید آفریدی،عبدالرزاق شنواری،ڈاکٹر خلیل،خان رحمان آفریدی،ساجد مہمند ،نوید ،جلال و دیگرکارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

قبائلی کارکنان نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی بھی نکالی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکمرانوں نے قبائلی عوام پر ہونیوالے مظالم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔

(جاری ہے)

قبائل پاکستان کے دیگر عوام جتنے ہی محب وطن ہیں اور انھوں نے پاکستان کیلئے جو قربانیاں دیں وہ کسی نے نہیں دیں۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم ڈرون حملے بند کروانے کیلئے سنجیدہ نہیں بلکہ در پردہ امریکہ کو یقین دلایا ہے کہ ڈرون حملوں پر صرف احتجاجی بیان دیا جائیگا اور ا ن حملوں کیخلاف مزید کوئی اقدام نہیں اٹھایا جائیگا۔

انھوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاستدانوں میں صرف عمران خان قبائلی عوا م کیساتھ مخلص ہیں اور ہمیشہ سے ان کی آواز اٹھاتے چلے آ رہے ہیں۔قبائلی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ایک کال پر ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ڈرون حملے بند ہونے تک دھرنا جاری رہیگا اور قبائل اس میں بھرپور شرکت جاری رکھیں گے۔دھرنے کے شرکاء نے ڈرون حملوں اور امریکہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور امریکہ اور وفاقی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔آج پیر کو بھی قبائل دھرنا دینگے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات