وفاقی حکومت نے نئے فنانس کمیشن ایوارڈ کیلئے جولائی میں مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ ، نئے معاہدے میں صوبوں کو بعض نئے اخراجات کا پابند بنایا جائیگا،وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کاآئی ایم ایف کو مراسلہ

اتوار 5 جنوری 2014 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) وفاقی حکومت نے نئے فنانس کمیشن ایوارڈ کیلئے جولائی میں مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئے معاہدے میں صوبوں کو بعض نئے اخراجات کا پابند بنایا جائیگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور نے آئی ایم ایف کو ایک مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نئے فنانس کمیشن ایوارڈ میں وسائل اور اخراجات میں توازن پیدا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں وفاق کے حصے میں کم وسائل آئے، صوبے مجموعی محصولات کا 57.5فیصد لے جاتے ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اضافی اخراجات کی ذمہ داری نہیں دی گئی تاہم نئے معاہدے میں بعض اخراجات صوبوں کی ذمہ داری ہوں گے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی سپلائی سے متعلق نئی پالیسی پر رواں ماہ عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ آنے والے دنوں میں بجلی چوری کرنے والے علاقوں میں زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو گی جبکہ بل ادا نہ کرنے والے علاقوں کو بھی کم بجلی فراہم کی جائے گی۔