کراچی میں آپریشن کا تیسرا مرحلہ شروع کیا جائے، وزیر اعظم

اتوار 5 جنوری 2014 12:43

کراچی میں آپریشن کا تیسرا مرحلہ شروع کیا جائے، وزیر اعظم

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری۔2014ء) کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن کے باوجوداچانک شروع ہونے والی ٹارگٹ کلنگ پروزیر اعظم نوازشریف نے سخت تشویش کااظہارکیاہے اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکوہدایت کی ہے کہ فوری طور پرسندھ حکومت اورقانون نافذکرنے والے اداروں سے رابطہ کرکے ٹارگٹڈآپریشن کاتیسرامرحلہ شروع کیاجائے اورجرائم پیشہ اوران کی سیاسی سرپرستی کرنے والے عناصرکوفوری گرفتارکیاجائے،وزیر اعظم نوازشریف نے واضح کیاکہ کراچی ہر صورت امن بحال کیاجائے،امن پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

ذرائع کاکہناہے کہ وفاقی حکومت نے کراچی میں شروع ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کاسختی سے نوٹس لیاہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سندھ حکومت کے توسط سے تفصیلی طور پر یہ رپورٹ طلب کی ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سیاسی بنیادوں پرکی جارہی ہے یااس میں فرقہ وارانہ عناصرملوث ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وجوہات پرجامع رپورٹ مرتب کرناشروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہناہے کہ بیشتر واقعات میں سیاسی گروپس کے ملوث ہونے کے شواہدسامنے آئے ہیں اوربیشتر گرفتارملزمان نے تفتیش کے دوران سیاسی وابستگیوں کے حوالے سے جوانکشافات کیے ہیں،ان کی روشنی میں رپورٹس کومرتب کیاجارہاہے اور آئندہ چند روز میں یہ رپورٹس سندھ حکومت کے توسط سے وفاقی حکومت کوبھیج دی جائے گی۔وزیر اعظم نے ہدایت جاری کردی ہیں کہ فوری طور پرکراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے تیسرے مرحلے کاآغاز کردیاجائے اوراس حوالے سے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوجن وسائل کی ضرورت ہوگی وہ وفاقی حکومت انھیں مہیاکرے گی،وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے توسط سے قانون نافذ کرنے والوں کوہدایت جاری کی ہے کہ کراچی میں حالیہ واقعات میں ملوث عناصراور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف دہشت گردی اورتحفظ پاکستان آرڈیننس کے مطابق مقدمات درج کیے جائیں اوران درج مقدمات کے چالان فور طور پرعدالتوں میں پیش کیے جائیں تاکہ ان کے حوالے سے عدالتیں قانون کے مطابق فیصلہ کرسکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کے دور میں پے رول پررہا ہونے والے 45 ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کوبھی ہدایت جاری کردی ہیںاور جوملزمان بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں ،ان کی گرفتاری کے لیے محکمہ داخلہ وفاقی حکومت کے توسط سے انٹر پول سے رابطہ کریگی، ٹارگٹڈآپریشن کاتیسرا مرحلہ آئندہ چند روز میں شروع ہو جائے گاجس کے لیے آپریشنل پلان ترتیب دیدیاگیاہے اورکراچی میں پولیس اور رینجز جرائم پیشہ عناصر اور ان کی سیاسی سرپرستی کرنیوالے عناصر کی گرفتاری کیلیے بلا امتیازچھاپہ مار کارروائیاں کریںگی ،ان کارروائیوں کیلیے ضلعی سطح پرتمام قانون نافذ کرنے والے اداروں پرمشتمل10سے زائد آپریشنل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔