الطاف حسین کا مطالبہ درحقیقت الگ ملک کا ایجنڈا ہے، مولانا فضل الرحمن

ہفتہ 4 جنوری 2014 20:40

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 جنوری ۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ الطاف حسین کا مطالبہ درحقیقت الگ ملک کا ایجنڈا ہے۔محب وطن شخص ملک کی علیحدگی کی بات نہیں کرسکتا۔پشاور پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران مولانا فضل الرحمان کاکہناتھا کہ ایم کیو ایم اپنے اصل ایجنڈے پر آگئی ہے۔

اردو اور سندھی بولنے والوں کے تقسیم کی بات کی جارہی ہے۔ کوئی بھی محب وطن شخص ملک کو الگ کرنے کی بات نہیں کرسکتا۔ان کا کہناتھا کہ فوج اورطالبان اپنی بندوقیں رکھ دیں فریقین آمادہ نہ ہوں تو صلح کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔مذاکرات کیلئے حوالے سے کچھ رکاوٹیں موجودہیں وزیرستان میں امن وامان ایک فرد کا مسئلہ نہیں یہاں امن کے قیام کیلئے حکومت کو آمادہ کرنے کی کوشش کرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کو معاشی دباو کا بھی سامنا ہے دباوس سے نکلنے کیلئے ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگااورتمام اداروں کو مل بیٹھ کر مستحکم حکمت عملی بنانی ہوگی۔مولانا فضل الرحمان کاکہناتھا کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال نازک ہے اس پر بھی سوالیہ نشان ہے کہ یہ صوبہ ملک کے ساتھ رہے گا یانہیں۔خیبرپختونخوا میں این جی او حکومت کررہی ہے حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔

پرویز مشرف کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشرف کو باہر بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ ڈاکٹرز اور ادارے کریں گے۔ان کاکہناتھا کہ نیٹوسپلائی روکی جاتی ہے پاکستان کو کہاجارہا ہے کہ آپ کی امداد بند کردیں گے لیکن جو نیٹوسپلائی روک رہے ہیں انہیں ڈالر اور یورو دیئے جارہے ہیں۔خیبرپختونخوا میں بلدیاتی ضلعی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرسکتے ہیں۔