فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرائیور مائیکل شوماکر کی سالگرہ کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا

ہفتہ 4 جنوری 2014 15:04

پیرس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء)فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرائیور مائیکل شوماکر کی سالگرہ کے موقع پر ان کی مداحوں نے ان کے ہسپتال کے باہر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔فرانس میں سکیئنگ کے دوران شدید زخمی ہونے والے ریٹائرڈ فارمولا ون کار ڈرائیور مائیکل شوماکر اب 45 برس کے ہو گئے ہیں۔شوماکر کے خاندان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ فیراری کے مداحوں کی جانب سے ’ہمدردی کے جذبات اور پیغامات‘ سے اشک بار ہو گئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ فیراری کے سینکڑوں مداح گیرنوبل میں اس ہسپتال کے باہر جمع ہوئے جہاں مائیکل کو رکھا گیا ۔شوماکر کے خاندان نے بیان میں کہا کہ وہ جذبات سے مغلوب ہو گئے ہیں اور تہہ دل سے مشکور ہیں۔مائیکل کی مینیجر نے بتایا کہ وہ ایک مستحکم مگر تشویشناک صورتحال میں ہیں۔واضح رہے کہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے مائیکل شوماکر جنہوں نے 2012 میں دوسری بار ریٹائرمنٹ لی کو اتوار کو فرنچ الپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع میربل کے الپائن ریزورٹ میں سکیئنگ کے دوران سر پر چوٹ آئی تھی جب ان کا سر ایک چٹان سے ٹکرا گیا تھا اس ٹکراوٴ کے نتیجے میں ان کا ہیلمٹ ٹوٹ گیا تھا۔