آزاد اسلامی ریاست ہے ، ا لقاعدہ کے جنگجووٴں کا حکومت کی عمارتوں پر اپنا پرچم لہرا نے کا دعویٰ

ہفتہ 4 جنوری 2014 14:59

فلوجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء) عراق کے مغربی شہر فلوجہ میں ہونے والی لڑائی کے دوران سیاہ نقاب پہنے القاعدہ کے جنگجووٴں نے حکومت کی عمارتوں پر اپنا پرچم لہرا نے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آزاداسلامی ریاست ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ سنی جنگجو خود کوممبرز آف اسلامک اسٹیٹ آف عراق اور شام یعنی (آئی ایس آئی ایس) کا نام دیتے ہیں اور اْنھوں نے فلوجہ شہر میں بجلی کی ترسیل کی لائنز کاٹ دیں اور مقامی آبادی کو حکم دیا کہ وہ جنریٹر استعمال نا کریں۔

(جاری ہے)

فلوجہ پولیس کے سربراہ محمد السوائی نے (آئی ایس آئی ایس) کے دعوے کو مسترد کیا کہ اْن کا شہر پر کنٹرول ہے تاہم اْنھوں نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو بتایا کہ شہر میں فیصلہ کن لڑائی کے لیے وہ فورسز کی تعیناتی کے مقامات میں تبدیلی اور ضروری تیاری کر رہے ہیں۔ اْنھوں نے کہا کہ مقامی قبائل کے ساتھ اتحاد کے باعث سرکاری فورسز مزید مضبوط ہوئی ہیں اور شہر کے مرکزی حصوں پر سرکاری قبضہ بحال کر لیا جائے گا۔ایک مقامی صحافی نے نام نا ظاہر کرنے کی شرط پر اخبار واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ پولیس اور حکومت کی دیگر فورسز نے شہر کو گھیر رکھا ہے جبکہ القاعدہ کے جنگجووٴں نے عراق کے پرچم نذر آتش کر دیئے ہیں۔