ٹریفک وارڈن کی ایمانداری،ایک لاکھ سے زائد مالیت کا گمشدہ پرس خاتون کے حوالے کر دیا

ہفتہ 4 جنوری 2014 14:57

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورسہیل چوہدری نے دروان ڈیوٹی ایمانداری اور فر ض شناسی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے اور قیمتی کاغذات واپس کرنے پر ٹریفک وارڈن محسن محبوب کوتعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک سیکٹر ماڈلٹاؤن میں پٹرولنگ کے دوران ٹریفک وارڈن محسن محبوب کو سینچری ٹاور کلمہ چوک کے قریب سے ایک لاوارث پرس ملا۔

(جاری ہے)

جس میں پاکستانی کرنسی،امریکن ڈالر،سعودی ریال،کویتی دینار اور طلائی زیوارات تھے جو پاکستانی کرنسی میں ایک لاکھ سے زائد کی رقم بنتی ہے۔اس کے علاوہ پرس میں اے ٹی ایم کارڈ،گولڈ کارڈ،کریڈیٹ کارڈ،قیمتی دستاویزات،شناختی کارڈاور ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر کاغذات بھی تھے۔خاتون کے وزٹنگ کارڈ سے رابطہ کرنے پر ٹریفک وارڈنز محسن محبوب نے پرس خاتون کو واپس کردیا۔گذشتہ روز خاتون بشری رضوان نے چیف ٹریفک آفیسر سہیل چوہدری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ٹریفک وارڈن محسن محبوب کی ایمانداری کو سراہا۔