کراچی، فائرنگ،پرتشدد واقعات میں دو بھائیوں سمیت 9افراد جاں بحق،سات گرفتار

ہفتہ 4 جنوری 2014 11:52

کراچی، فائرنگ،پرتشدد واقعات میں دو بھائیوں سمیت 9افراد جاں بحق،سات ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2014ء) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو سگے بھائی سمیت 9 افراد جاں بحق,4 زخمی ہو گئے، رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران سات ملزمان گرفتار کر لیے،اسلحہ بھی برآمد۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی پر واقع جوس سینٹر پر رات گئے نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں جوس سینٹر کا مالک حسین علی اور دو ملازمین عبدالواحد اور نادر علی موقع پر جاں بحق جبکہ جوس سینٹر کے دو ملازمین غلام اور حیدر برابر میں واقع سپر سٹور کے دو ملازمین جواد اور ریاض زخمی ہو گئے۔

گلشن اقبال موتی محل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔دونوں کی شناخت ساجد اور عابد کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دونوں سگے بھائی ہیں۔واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے سڑک بلاک کر دی۔ پولیس کی بھاری نفری صورتحال پر قابو پانے کے لئے موقع پر پہنچ گئی۔سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کے قریب فائرنگ ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ بلدیہ ٹاؤن بسم اللہ چوک کے قریب سے ایک شخص منیر کی لاش ملی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔دریں اثناء رینجرز نے مسکن چورنگی،گلشن اقبال اور سہراب گوٹھ میں چھاپوں کے دوران سات ملزمان کو گرفتار کر لیا،اسلحہ بھی برآمد،زیر حراست ملزمان کا مبینہ طور پر مسکن چورنگی واقعہ میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات اور ان میں ہلاکتوں پر تر جمان رینجرز نے رد عمل کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ رات سے ہونیوالی ہلاکتوں میں ایک سیاسی تنظیم ملوث ہے،ٹارگٹ کلنگ کا مقصد شہر میں امن کی صورتحال خراب کرنا ہے۔ رینجرز حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعات میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :