اسلام آباد ہائیکورٹ کی سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی اور سیکورٹی فراہم کی ہدایت

جمعہ 3 جنوری 2014 18:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کو 9 جنوری تک بلٹ پروف گاڑی اور سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ افتخار چوہدری کو گاڑی نہ ملی تو تمام وی وی آئی پیز سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس لے لی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کو سیکورٹی فراہم کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ انہوں نے وزارت داخلہ اور کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ 9 جنوری تک افتخار محمد چوہدری کو سیکورٹی اور بلٹ پروف گاڑی فراہم کردی جائے۔اور اس حوالے سے کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔آئی جی پولیس سکندر حیات نے کہا کہ ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں۔ صرف وزیراعظم کی ہدایت پر ہی بلٹ پروف گاڑی دی جاتی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ کیا افتخار محمد چوہدری اب وزیراعظم سے گاڑی کا پوچھنے جائیں گے ، انہیں بلٹ پروف گاڑی نہ ملی تو تمام وی وی آئی پیز سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس لے لی جائیں گی۔