متاثرین منگلاکے مسائل حل کرنے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائینگی،چوہدری محمد طیب

جمعہ 3 جنوری 2014 17:33

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء) کمشنر امور منگلاڈیم سردار ظفر اور جوائنٹ کمشنر چوہدری محمد طیب نے کہاہے کہ متاثرین منگلاکے مسائل حل کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں برؤے کار لائی جائیں گی ،ذیلی کنبہ جات اور نیوسٹی کے ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں گے ،معاوضہ جات کی ادائیگی کے حوالہ سے اے جی آفس سے متعلقہ شکایات کابغور جائزہ لے رہے ہیں چند دنوں تک معاوضہ جات کی ادائیگی کانظام امور منگلاڈیم سے ہی دوبارہ شروع کیاجائیگا تاکہ متاثرین کو کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے متاثرین کی درخواستوں پر تیز تر کارروائی کی ہدایات کردی ہیں ایسا نظام بنارہے ہیں کہ متاثرین کو اپنے کاموں کے لیے امور منگلاڈیم کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں متاثرین سے ملکر مسائل کا خاتمہ کریں گے نیوسٹی کے مکین نیوسٹی میں دستیاب سہولیات کی حفاظت کریں کوڑا کرکٹ اُٹھانے کیلئے جلد میونسپلٹی نظام مہیا کردیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے متاثرین منگلاڈیم کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔وفد کی قیادت صدر ینگ ایکشن فورم راجہ تسلیم انجم ،سیکرٹری جنرل سردار عتیق سدزوئی کررہے تھے جبکہ وفد میں سرپرست اعلیٰ راجہ محمد معروف ،چیئرمین مجلس عاملہ ٹھیکیدار محمد رفیق ،سینئر نائب صدر محمد آصف بیگ ،الطاف شاہ ،چوہدری اقبال ،وسیم بیگ ،شہباز حسین ،راجہ مشتاق ،رضوان مغل ، جہانزیب ،اشرف بھٹی ،اسحاق مغل ،طاہر ملک ،محمد طارق ،تصدق حسین ،احسان صدیق ،نذاکت شاہ ،کفیل مغل ودیگر شامل تھے وفد نے کشمیر امور منگلا ڈیم وجوائنٹ کمشنر کو تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیوسٹی میں کئی ماہ سے رکے ہوئے ترقیاتی کام تشویش کاباعث ہیں سیوریج لائن ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں مسترد شدہ پلاٹ متاثرین کوالاٹ کردیئے گئے جو قابل تعمیر نہیں ذیلی کنبہ جات کامسئلہ کئی سالوں س زبانی جمع خرچ تک محدود ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے اضافی معاوضہ پیکیج کاوعدہ پورا نہیں کیا لوگ قیامت خیز سردی میں بغیر کھڑکیوں اور دروازوں کے رہ رہے ہیں سوئی گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے سکولوں میں سٹاف کی کمی پوری پوری کی جائے متاثرین کو نوکریاں میں نظر انداز کیاجانا باعث تشویش ہے وفد نے نیوسٹی کے دیگر مسائل سے بھی کمشنر وجوائنٹ کمشنر کا آگاہ کیا کمشنر امور منگلاڈیم سردار ظفر نے کہا کہ سوئی گیس کے لیے فنڈز مختص ہیں جیسے ہی منظوری ہوئی سوئی گیس مہیا کردی جائیگی اضافی معاوضہ پیکیج پر بھی وزیراعظم آزادکشمیر سمیت تمام فورمز سے بات چیت کریں گے واٹر سپلائی کے بلوں اور کنکشن کے مسائل پر ایس ای PWDسے بات کریں گے انہوں نے کہ نیوسٹی کے مکین نیوسٹی کی حفاظت کریں پانی سڑکوں پر چھوڑ کر سڑکیں خراب نہ کریں کوڑا کرکٹ اور گندگی کیلئے جگہیں مختص کریں گے اور ٹریکٹر ٹرالی ودیگر سہولیات مہیا کریں گے نیوسٹی قبرستان میں پانی وبجلی کافوری بندوبست کیاجائیگا۔