لاکھوں تارکین وطن کشمیری اپنے تمام دائروں سے نکل کر حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کریں،عبدالرشید ترابی

جمعہ 3 جنوری 2014 17:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی سے تحریک کشمیر برطانیہ کے مرکزی راہنما راجہ شکیل نے ملاقات کی،اس موقع پر سابق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر و کو آرڈنیٹر اورسیز راجہ جہانگیر خان،جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امور خارجہ کے ڈائریکٹر غلام نبی نوشہری بھی موجود تھے،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ لاکھوں تارکین وطن کشمیری اپنے تمام دائروں سے نکل کر ون پوائنٹ ایجنڈے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کریں،برادریوں اور سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر اپنے ان بھائیوں کو جو محکومی اور غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ان کی آزادی کے لیے مل کر جدوجہد کریں،بیرون ممالک کشمیری ،کشمیریوں کے سفیر ہیں وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سطح پر منظم ہو کر جدوجہد کریں،تحریک کشمیر برطانیہ کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں وہ اپنے ان کاموں کو منظم انداز میں جاری رکھتے ہوئے کشمیریوں کو چھتری فراہم کریں،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ برطانیہ کی خطے میں اہم حیثیت ہے،مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے،انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے ادارے اور تنظیمیں اور یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا موقع فراہم کرے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیریوں کی جدوجہد کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ میں پذیرائی ملی اور مسئلے کو تقویت ملی انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام تر اختلافات سے بالا تر ہو کر تحریک آزاد ی کشمیر کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی اور اپنے اس کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہو گا،انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کے حصول کے لیے تاریخی قربانیاں دی ہیں،آج سید علی گیلانی ایک20سالہ نوجوان کی طرح میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں بھارت جو جمہوریت کا دعویدار ہے وہ اس مرد درویش سید علی گیلانی سے خوفزدہ ہے،انہیں حج و عمرہ کے لیے پابندی ہے،نماز جمعہ اور عید کے لیے ان کو اجازت نہیں مگر انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی تحریک کو زندہ رکھا اور اس کے لیے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیری ون پوائنٹ ایجنڈے حق خودارادیت کے حصول کے لیے منظم ہو کر جدوجہد کریں۔