بھارتی کرکٹ بورڈ کی انتظامی کیمٹی کے دورے کی منظوری کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ نے شیڈول جاری کر دیا

جمعرات 2 جنوری 2014 14:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء) بھارتی ٹیم آئندہ سال جنوری کے وسط میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے دورے کی منظوری کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ نے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری ، دوسرا 22 جنوری ، تیسرا 25 جنوری ، چوتھا 28 جنوری اور پانچواں 31 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 6 سے 10 فروری جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 14 سے 28 فروری تک کھیلا جائے گا۔ میچز کے مقامات کا اعلان بعد میں ہوگا۔واضح رہے کہ کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کیلئے علیحدہ علیحدہ ٹیموں کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

مدھیہ پردیش کے فاسٹ باؤلر ایشور پانڈے پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی، پہلی بار ایک ساتھ ہی ون ڈے اور ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

کرناٹکا آل راؤنڈر سٹورٹ بینی بھی پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، وارن ایرون کی دوبارہ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ مایہ ناز آل راؤنڈر یووراج سنگھ کو ناقص فارم اور کارکردگی کی بناء پر ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔ پراگیان اوجھا ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ گوتم گھمبیر اور وریندر سہواگ بدستور نظر انداز ہو گئے۔

مہندرا سنگھ دھونی ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے جبکہ اعلان کردہ ٹیسٹ سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں شیکھر دھاون، مرالی وجے، چیتشورپوجارا، ویرات کوہلی، روہت شرما، اجنکیا راہانے، روندرا جدیجہ، ظہیر خان، محمد شامی، اشانت شرما، امباتی رایودو، بھنشور کمار، روی چندرن ایشون، اومیش یاداو، وریمن شاہ اور ایشور پانڈے شامل ہیں۔ اعلان کردہ ون ڈے سکواڈ میں مہندرا سنگھ دھونی کپتان دیگر کھلاڑیوں میں شیکھر دھاون، روہت شرما، ویرات کوہلی، اجنکیا راہانے، امباتی ریادو، سریش رائنا، روی چندرن ایشون، روندرا جدیجہ، بھنشور کمار، محمد شامی، اشانت شرما، امیت مشرا، ایشور پانڈے، سٹورٹ بینی اور وارن ایرون شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

متعلقہ عنوان :