ملک میں سردی کی شدید لہر برقرار، ٹھنڈ نے زندگی منجمد کر دی

جمعرات 2 جنوری 2014 13:10

ملک میں سردی کی شدید لہر برقرار، ٹھنڈ نے زندگی منجمد کر دی

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء)خون جما دینے والی ٹھنڈ نے زندگی بھی منجمد کر دی۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں برفیلی ہواؤں نے پارہ ایسے گرایا کہ ہر کوئی سردی سے پناہ مانگ رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سردی کا چھیالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ رہی سہی کسر بادلوں نے سورج کو چھپا کر پوری کر دی۔ پنجاب کے اکثر علاقے بھی شدید سردی کی زد میں ہیں۔

لاہور میں دھوپ کے باجود شہری سرد ہواؤں سے ٹھٹھرتے رہے۔

(جاری ہے)

ادھر کوئٹہ میں غضب کی سردی نے نلکوں کا پانی بھی برف میں تبدیل کر دیا۔ شہر میں سب سے کم درجہ حرارت منفی تیرہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں بھی سردی نے تمام سرگرمیاں ٹھنڈی کر دیں۔ راولا کوٹ میں پارہ منفی 10، کالام، مری، دالبندین اور پارا چنار میں منفی 9 اور سکردو میں منفی 8 درجے تک گر گیا۔ بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث استور اور ہنزہ گوجال کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر مزید تین روز جاری رہے گی جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔