ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد ہوں، خالد مقبول صدیقی

بدھ 1 جنوری 2014 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے بلدیاتی انتخابات کے لیے کراچی اور حیدرآباد میں جلسوں کا اعلان کردیا ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد ہوں،جمعہ 3 جنوری کو حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد کے مصطفی گراوٴنڈ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا جبکہ کراچی میں 5جنوری کا جلسہ مزار قائد کے قریب گراوٴنڈ کے بجائے الہٰ دین پارک کے قریب گراوٴنڈ میں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔ عدالت کے تاریخ ساز فیصلے کے بعد آئین کی روح کے مطابق بلدیاتی انتخابات ہوں گے تاہم اگر ان میں کوئی انتظامی تبدیلی کی وجہ سے تاخیر ہوئی تو ایم کیو ایم مجبور ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کوشش کررہی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران دوستانہ فضاقائم ہو، تاہم ایسا لگتا ہے پیپلز پارٹی اپنا ماضی کا ریکارڈ خراب نہیں کرنا چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مرزا یوسف پر قاتلانہ حملے میں ایم کیو ایم کو ملوث کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ دوسری جانب لیاری گینگ وار کے ملزمان جن کے جرائم ڈھکے چھپے نہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مشرف دورمیں جوحلقہ بندیاں ہوئی تھیں اس میں ایم کیوایم کاکوئی کردار نہیں تھا۔