آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ، مری اور پہاڑی علاقوں میں برف کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ،بلوچستان کے علاقے قلات میں درجہ حرارت منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ،برفباری سے سڑکیں بند ، زمینی رابطہ منقطع ، جمعہ اور ہفتہ کو سردی کی شدت میں کسی حد تک کمی کا امکان ،اتوار کو پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہوگا ،محکمہ موسمیات

بدھ 1 جنوری 2014 21:30

اسلام آباد/کوئٹہ/ گلگت /مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری ۔2014ء) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان ، مری اور پہاڑی علاقوں میں برف کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہی ، بلوچستان کے علاقے قلات میں درجہ حرارت منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، پشاور، ہزارہ،کشمیر،گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

مری،گلیات، نتھیا گلی، ایوبیا اور کشمیر میں وقفے وقفے سے برف باری ہوسکتی ہے۔ ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات اور سمنگلی میں منفی تیرہ ریکارڈ کیا گیا۔ راولاکوٹ میں منفی دس، پارا چنار میں منفی نو، اسکردو اور مالم جبہ میں منفی آٹھ ہے۔ اسلام آباد میں منفی دو اور راولپنڈی میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مری ، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں اورزمینی رابطہ منقطع ہوگیا عوام کوشدیدمشکلات کاسامنا کر نا پڑاادھر محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں تاہم جمعہ اور ہفتہ کے روز سردی کی شدت میں کسی حد تک کمی کا امکان ہے۔

ہفتہ اور اتوار کو پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ میں 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سکردو میں 3 اور جہلم میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ گلیات،سکردو اور استور میں دو انچ جبکہ مری میں ایک انچ بارف باری ہوئی۔

بدھ کو ملک میں سب سے زیادہ سردی کوئٹہ میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اس کے علاوہ راولا کوٹ میں منفی 10، کالام، مری، پاراچنار منفی9، مالم جبہ اور سکردو منفی8 ، نوکنڈی منفی7، گوپس، استور منفی6 ، ہنزہ منفی 5، اسلام آباد میں منفی2، مظفر آباد منفی ایک جبکہ پشاور اور گلگت میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔