Live Updates

وزیراعلی خیبرپختونخوانے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے مختص کوٹے میں سو فیصد اضافے کی منظوری دیدی،صوبائی حکومت کے تحت سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹہ ڈیڑھ فیصد سے بڑھ کر تین فیصد ہو گیا ہے،تحریک انصاف نے لوگوں سے نظام کی تبدیلی کے وعدے پر ووٹ لیا نہ کہ لوگوں کو اندھا دھند سرکاری نوکریاں دینا اور صوبے کے کمزور خزانے پر بوجھ بڑھانا، ہم اپنے وعدے کے مطابق نظام کو ٹھیک کردیں گے ،وزیراعلی پرویزخٹک

بدھ 1 جنوری 2014 19:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے مختص کوٹے میں سو فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے نتیجے میں اب صوبائی حکومت کے تحت سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹہ ڈیڑھ فیصد سے بڑھ کر تین فیصد ہو گیا ہے واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بر سر اقتدار آتے ہی سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص ایک فیصد کوٹے میں پچاس فیصد اضافہ کرکے ڈیڑھ فیصد کر دیا تھا جسے اب سو فیصد کردیا گیا وزیر اعلیٰ نے اقلیتوں سے متعلقہ دیگر اُمور کی انجام دہی کیلئے صوبے کے ہر ایک ضلع میں ایک مائنارٹی ویلفیئر آفیسر کی آسامی پیدا کرنے کابھی اعلان کرتے ہوئے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو سمری ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے یہ فیصلہ اُنہوں نے مسیحی ، سکھ اور ہندو برادری کے ایک مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے تحریک انصاف کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی سردارسورن سنگھ کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور صوبے میں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل، اُن کی فلا ح و بہبود اور دیگر متعلقہ اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گزشتہ دنوں پشاور میں ہند و برادری سے تعلق رکھنے والی ایک نجی سکول ٹیچر سپنا رانی کے اغواء کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام کو مغویہ کی جلد بازیابی اور اغواء میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے موثر اقدامات کے احکامات جاری کئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے قومی وجود کا اہم حصہ ہیں اورملکی و قومی ترقی میں اُن کا کردار نہایت اہم ہے اقلیتوں کی جان و مال اور حقوق کا تحفظ ہمارا آئینی ، قانونی ، مذہبی اور قومی فریضہ ہے اور صوبائی حکومت اُن کے جان و مال اور حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی اُنہوں نے یقین دلایا کہ اُن کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور اُن کے عباد ت خانوں کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی پرو یز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں ایک ایسا نظام متعارف کرنے پر کام کر رہی ہے جس میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کی جان و مال اور عبادت خانوں کا تحفظ یقینی ہو، اقلیتوں کو برابر کے حقوق ملیں، اُن کے مسائل خود بخود حل ہوں، اُنہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہ پڑے اور یہ تب ممکن ہے جب ہم اس فرسودہ نظام کو تبدیل کریں، رشوت، کمیشن، سفارش اور ناانصافی کا خاتمہ کرکے معاشرے میں میرٹ اور قانون و انصاف کی بالا دستی کو یقینی بنائیں جس پر صوبے کی موجودہ اتحادی حکومت شروع دن ہی سے کام کر رہی ہے اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے لوگوں سے نظام کی تبدیلی کے وعدے پر ووٹ لیا ہے نہ کہ لوگوں کو اندھا دھند سرکاری نوکریاں دینا اور صوبے کے کمزور خزانے پر بوجھ بڑھانا ہم اپنے وعدے کے مطابق نظام کو ٹھیک کردیں گے اور جب نظام ٹھیک ہو گا تو لوگوں کے مسائل خود بخود حل ہوں گے یہ ممکن نہیں کہ حکومت سب کو سرکاری نوکریاں دے اور اسلئے ہم صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے سلسلے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے موثر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ یہاں پر لوگوں کو روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں وفد کے ارکان جن میں بشپ آف پشاور ہیمفری سرفراز پیٹر بھی شامل تھے نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اوراُن کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقلیتی برادری کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات