فلسطینیوں کیساتھ امن سمجھوتہ اسرائیل کیخلاف اکسانے کا سلسلہ بند ہونے اور اسرائیلی مفادات کے تحفظ کی ضمانت ملنے پر ہی ہوسکتا ہے،بنجمن نیتن یاھو

بدھ 1 جنوری 2014 15:19

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کیساتھ امن سمجھوتہ اسرائیل کیخلاف اکسانے کا سلسلہ بند ہونے اور اسرائیلی مفادات کے تحفظ کی ضمانت ملنے پر ہی ہوسکتا ہے ۔ مقبوضہ شہر الجلیل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں جب بھی اور جہاں بھی خطرہ محسوس ہوا تو دشمن کی کارروائی سے قبل اس کاخاتمہ کرینگے، انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کا قیام انتہائی ضروری ہے، یہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ پڑوسیوں کیلئے بھی ضروری ہے۔

فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بارے میں نیتن یاہو نے کہا کہ ہم میں اور فلسطینیوں میں فرق دکھائی دینا چاہئے، بعض اوقات ناپسندیدہ فیصلوں کو تنازعات کے خاتمے کیلئے قبول کرنا پڑتا ہے، شہریوں کے قاتلوں کی رہائی پر جشن منا کر ہمارے دکھوں کو بڑھایا جاتا ہے لیکن ہم صبر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جنوبی اسرائیل کے شہرالجلیل کے ترقیاتی پروگراموں کے نگراں وزیر سلیفان شالوم نے کہا ہے کہ وادی اردن پر مستقل قبضے اور اس کی تعمیرو ترقی بارے اسرائیلی سیاسی حلقوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وادی اردن کو عالمی جہادی گروپوں کیلئے کھلا نہیں چھوڑ سکتے اگر وادی اردن کا قبضہ چھوڑ دیا گیا توجہادی گروپوں کے عناصر پیدل چلتے ہوئے اسرائیل کے قلب میں پہنچ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :