سید علی گیلانی کی طرف سے آتشزدگی کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار ،عوام سے متاثرہ خاندان کی مدد کی اپیل

بدھ 1 جنوری 2014 13:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی نے دھوبی گھاٹ حضرت بل میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے پر گہرے صدمے اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ متاثرہ کنبوں کو فوری امداد کی فراہمی اور ان کی بعض آبادکاری کٹھ پتلی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم بعض اوقات سرکاری کام ناقابل برداشت حد تک طوالت کے شکار ہوجاتے ہیں ۔

لہٰذا عام لوگوں کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کریں اور شدید سرد موسم اور مصیبت کے اس گھڑی میں انہیں بے یارومددگار نہ چھوڑیں۔ بزرگ رہنماء نے کہا کہ وہ اگر گھر میں نظربند نہ ہوتے تو خود متاثرہ لوگوں کے پاس جاتے اور ان کی ڈھارس بندھاتے۔

(جاری ہے)

تاہم ان کی ہدایت پر حریت رہنماوٴں پر مشتمل ایک وفد نے علاقے کا دورہ کیا اور آتشزدگی سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا۔

وفد میں حریت رہنما راجہ معراج الدین، الطاف احمد شاہ، اشفاق احمد، مختار احمد صوفی اور رمیض احمد شامل تھے ۔انہوں نے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ گزشتہ روز سرینگر میں حضرت بل کے علاقے دھوبی گھاٹ میں آتشزدگی سے کم سے کم14مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔سید علی گیلانی نے ربیع الاول مبارک مہینے کی آمد آمد پر مسلمانوں اور خاص طورپر ملت اسلامیہ کشمیر کو مبارکباد پیش کی ہے ۔

انہوں نے اپنی پارٹی تحریک حریت جموں و کشمیر کو اس مہینے ”تصورِ آزادی، اسوئہ حسنہ کی روشنی میں“ کے موضوع پرایک سیمینار منعقد کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک جموں کشمیر پر بھارت کا فوجی قبضہ برقرار رہتا ہے، اقامت دین ایک خواب تو ہوسکتا ہے اس کو عملی جامہ پہنانا کسی بھی طور ممکن نہیں ہے۔ بھارت کی غلامی سے نجات پانے کے لیے جدوجہد کرنا عین دین ہے اور یہ نماز اور روزے کی طرح مسلمانوں پر فرض ہے۔ ربیع الاول کے پورے مہینے میں اس حوالے سے تمام اضلاع میں اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :